ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ایودھیا معاملہ میں ار ایس ایس کے لیڈروں کے متنازع بیانات دینے کا سلسلہ جاری؛ اندریش کمار کی سپریم کورٹ پر تنقید

ایودھیا معاملہ میں ار ایس ایس کے لیڈروں کے متنازع بیانات دینے کا سلسلہ جاری؛ اندریش کمار کی سپریم کورٹ پر تنقید

Wed, 28 Nov 2018 17:13:51    S.O. News Service

امرتسر 28نومبر(ایس او نیوز) ایودھیا معاملے کی سماعت میں تاخیرکولے کر  وزیراعظم نریندر مودی کے متنازع بیان کے بعد اب راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے سنئیر رکن کی جانب سے متنازع بیان سامنے آیا ہے جس میں سپریم کورٹ کے جج   پر تنقید کی گئی ہے۔

اطلاع کے مطابق آرایس ایس کی نیشنل ایگزیکٹیو کے ممبراندریش کمارنے دعویٰ کیا کہ  مرکزی حکومت رام جنم بھومی  معاملہ پر آردی نینس لانے پر غور کررہی ہے، لیکن ہوسکتا ہے کہ آرڈی نینس لانے کے خلاف کوئی سرپھرا سپریم کورٹ جائے گا تو آج کا چیف جسٹس اُسے بھی اسٹے لگا سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے تین ججوں کی بینچ پرسوال اٹھاتے ہوئے جنہوں نے  12 نومبرکو رام جنم بھومی- بابری مسجد معاملے کی سماعت کو جنوری تک ملتوی کردیا تھا، اندریش کمار نے  کہا کہ  "میں نےکسی کا نام نہیں لیا ہے، کیونکہ ہندوستان کے 125 کروڑلوگ ان کے نام جانتے ہیں۔ تین ججوں کی ایک بینچ وہاں تھی، انہوں نے تاخیرکی، اسے مسترد کیا، اس کی توہین کی۔ یہ انہوں نے اچھا نہیں کیا ہے"۔

مزید کہا کہ لوگوں کوابھی بھی عدلیہ پربھروسہ ہے۔ مگر3-2 ججوں کی وجہ سے مقننہ، عدلیہ کی توہین ہورہی ہے۔ اس معاملے کی سماعت جلد ہونی چاہئے، انہوں نے پوچھا کہ جلد سماعت کرنے میں  کیا پریشانی ہے؟

پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس میں جوشی فاونڈیشن کے ذریعہ منعقدہ "جنم بھومی میں ناانصافی کیوں" سیمینارمیں خطاب کرتے ہوئے اندریش نے کہا کہ کیا آپ اورہم لاچاربنے دیکھتے رہیں گے؟ کیوں اورایسا کس لئے؟ جو دہشت گردوں کی نصف شب میں سماعت کرسکتے ہیں، وہ امن کی توہین کردیں اورٹھکرادیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں نے بھی عدالتی نظام پرایسی ناانصافی نہیں کی تھی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 نومبرکو رام جنم بھومی- بابری مسجد معاملے کی سماعت کو ملتوی کردیا تھا۔ اب اس پرسماعت آئندہ سال جنوری میں ہوگی۔ اسے لے کرہندو تنظیموں اورسادھو سنتوں نےعدالت اورتین ججوں کی بینچ کے رویے کی تنقید کی تھی۔  اجودھیا میں جلد رام مندرکی تعمیرہو، اس کے لئے اتوار 25 نومبرکو وشوہندو پریشد (وی ایچ پی) نے دھرم سبھا کا بھی انعقاد کیا تھا۔ اس میں یوپی سمیت پورے ملک سے بڑی تعداد میں سادھو سنت اوررام بھکت شامل ہوئے تھے۔


Share: